الہ آباد، 8؍نومبر (ایس اونیوز؍آئی این ایس انڈیا ) تین طلاق کے مسئلے پر بی جے پی اور پی ایم مودی کے موقف کی تشہیر کرنے والی الہ آباد کی قمر جہاں کو بی جے پی نے بلدیاتی چناؤ میں پارٹی کا امید وار بنایا ہے ۔ قمر جہاں شہر کے مسلم اکثریتی علاقے دائرہ شاہ اجمل حلقے سے بی جے پی کی امیدوار ہوں گی ۔ واضح رہے کہ الہ آباد میں 80 بلدیاتی حلقوں میں بی جے پی نے صرف ایک مسلم کو ٹکٹ دیا ہے ۔ قمر جہاں نے کل کلکٹریٹ میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا ۔ بی جے پی نے قمر جہاں کی امید واری کو کافی اہمیت دی ہے ۔قمر جہاں کی امید واری کی اہمیت کا اندازاہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ پرچہ نام زدگی کے موقع پر ریاستی وزیر نند گوپال نندی ان کے ساتھ موجود تھے ۔ قمر جہاں نے مسلم خواتین کے حقوق کے لئے جدو جہد کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے تین طلاق کے مسئلے پر بی جے پی کے موقف کی تشہیر کی تھی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے تین طلاق کے معاملے کو جس طرح اٹھایا وہ مسلم خواتین کے لئے کافی اہم تھا۔قمر جہاں نے دعویٰ کیا کہ ان کے ساتھ بڑی تعداد میں مسلم خواتین ہیں اور وہ اپنے حلقہ انتخاب سے ضرور جیت درج کرائیں گی ۔ الہ آباد میں بلدیاتی چناؤ کے لئے آئندہ 26 نومبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔